تھرڈ کلاس چیز

  
photo by Rodrigo Melo on Unsplashion
    "ایسی چیزیں کیوں لیتی ہو، یہ تھرڈ کلاس ہے!" اس نے کریم کی ڈبی کو جانچتے ہوئے کہا۔ وہ بیچاری جواب میں کچھ نہ بولی۔ وہ بولتی بھی کیا۔اب اپنی بیٹیوں کا شوق پورا کرنا ہے اور مہنگی چیز  یعنی فرسٹ کلاس چیز وہ خرید نہیں سکتی تو صاحب کے بقول جو تھرڈ کلاس ہے وہ ہی خرید سکتی ہے۔ اور وہ بھی  بڑی مشکل سے استطاعت ہوتی ہے۔ اسی سے اس غریب کی بیٹیاں خوش ہو  جاتی ہیں۔ آخر یہ تھرڈ کلاس چیزیں انہیں کے لیے تو بنتی ہیں۔
            وہ کھسیانی سی ہوئی اور ڈبی واپس لے کر اپنے  کواٹر میں لوٹ گئی۔ بیٹیاں اس کی سو رہی تھیں اور وہ خستہ حال بستر پر بیٹھے کریم کی ڈبی کو ہاتھ میں تھامے  غور سے دیکھ رہی تھی۔ اتنے میں اس کا میاں آ گیا۔ اس کی آج کافی کمائی ہوئی تھی اس لیے وہ خوش باش دکھائی دے رہا تھا۔ اس نے جب اپنی بیوی کا متین چہرہ دیکھا تو اسے تشویش ہوئی۔ "ایسے کیا دیکھ رہی ہے ڈبی کو؟" جیسے اس کے کان میں آواز پڑی اس کی آنکھیں پھیل گئیں جیسے ابھی جاگی ہو۔ اپنے  شوہر  کی جانب دیکھ کر بولی، جو اب بستر پر بغیر آواز کیے بیٹھ  چکا تھا، "پتا نہیں! میں دیکھ رہی ہوں کہ صاحب کو کس طرح پتا چلا کہ یہ تھرڈ کلاس ہے؟"
            "کیوں کیا کہا صاحب نے؟"
            "میں نے  ان کو یہ ڈبی دکھائی تو کہنے لگے کہ ایسی  تھرڈ کلاس چیزیں نہ لیا کرو۔ میں نے تو میڈم کو دکھائی تھی وہ بھی پاس تھے تو دیکھ  لی۔" اس نے شرمندہ ہو کر کہا۔         
            "تو اس میں پریشان ہونی والی کیا بات ہے ۔ انھوں نے  ایسا ہی کہنا تھا۔ ہمارا خیال رکھتے ہیں نا۔ پر ہم ان کے جیسے ایک نمبر چیز تو لے نہیں سکتے۔ یہ تھرڈ کلاس ہی ہمارے لیے بنتی ہے۔ ہم تو یہ ہی لیتے ہیں اور لیں گے۔" پھر کچھ توقف کے بعد، "تُو چھوڑ، دیکھ آج پانچ سو کی دھیاڑی لگ گئی۔" اور سب پیسے اپنی جیب سے نکال کر  اس کے سامنے اکٹھے کر کے رکھ دیے۔ ان میں دس دس اور بیس بیس کے زیادہ تھے اور صرف ایک سو کا نوٹ تھا۔ نوٹوں کی حالت  کافی  خراب تھی۔ اُن کی حالت بھی کسمپرسی کی سی تھی۔ کئی بار جیبوں میں گھسے ہوئے تھے اور کچھ تو دھل کر آئے تھے، کچھ پر ٹیپیں لگی تھیں اور  کچھ پر پان لگا تھا۔
            "ہوں۔ ہم بھی تھرڈ کلاس ہی ہیں۔" اس کی نگاہیں سامنے پڑے نوٹوں پر مرکوز تھیں  اور آنکھوں میں  اِس خود کلامی میں ہوئے انکشاف سے  پانی تیرنے لگ گیا تھا ۔

Comments

Popular posts from this blog

Serving Others

شادی کی خوشی

منہ کالا